
دشمن کی سازشوں کے مقابلے کیلیے حکمت اور وحدت کی ضرورت ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین چنیوٹ کی جانب سے ’’منجی بشریت و شہداء اسلام‘‘ کے عنوان سے سالانہ ایک روزہ کنونشن ٹھٹھی شرقی امامبارگاہ چنیوٹ میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں ضلع چنیوٹ کے تمام یونٹس سے بھرپور شرکت تھی، منجی بشریت و شہدائے اسلام کنونشن میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی سیدہ زہراء نقوی اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی سیدہ معصومہ نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سیدہ زہراء نقوی نے کہا کہ اگر ہماری قوم اخلاص قلبی کیساتھ متحد ہو جائے تو کسی میں جرات نہ ہو کہ ہمیں اس بے دردی سے شہید کرے، یہ ہمارے اختلافات اور کمزوریاں ہیں، جن سے ہمارا دشمن فائدہ اٹھاتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں وزیر اعلیٰ سندھ آئی بی اے میں منعقدہ رقص کی محفل کا نوٹس لیں، آئی ایس او
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے امام (عج) کے منتظر تو ہیں، لیکن کیا ہم نے ان کی آمد کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کر لیا ہے؟ ہم بے شمار قربانیاں دینے کے باوجود اب تک امامؑ کے ظہور کے لیے آمادہ نہیں ہوسکے، کیونکہ ہم متحد نہیں ہیں، ہمیں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بصیرت، حکمت اور آپس میں وحدت قائم کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ خدا کی آخری حجت کے ظہور کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کرسکیں۔
کنونشن کے دوران ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین چنیوٹ کی خواہران نے شہدائے پشاور کے حوالے سے زبردست خاکہ پیش کیا جبکہ جامعہ بعثت کی طالبات نے بھی بہترین انداز میں انقلابی ٹیبلو پیش کیا۔