اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، ملی یکجہتی کونسل

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ہنگامی اجلاس میں کہا گیا ہے کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل پاکستان کیخلاف مستقل بنیادوں پر سازشیں اور مداخلت کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا ہنگامی اجلاس منصورہ لاہور مین منعقد ہوا جس میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، بیرونی مداخلت سے نجات کا راستہ صرف اور صرف نظام مصطفیؐ کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ ہر دور کے حکمرانوں نے قرآن و سنت سے انحراف کیا جس کی وجہ سے پاکستان اقتصادی غلامی سے دوچار ہو گیا۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک میں اسلامی نظام کے قیام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ حکمرانوں نے اللہ کے دین سے غداری کی جو ان کی ناکامی کا اصل سبب ہے، ملک کی پالیسیاں بیرونی آقاؤں کے کہنے پر بنائی جاتی ہیں۔ قوم کیلئے پیغام ہے کہ آپ نے تینوں بڑی پارٹیوں اور ڈکٹیٹروں کی حکومتوں کو دیکھ لیا، اب ایک موقع اسلامی نظام کو دیں۔ کونسل کے مرکزی قائدین کے منصورہ لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں ملک کے سیاسی، آئینی، پارلیمانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل پاکستان کیخلاف مستقل بنیادوں پر سازشیں اور مداخلت کر رہے ہیں، پاکستان کی دینی جماعتیں ملک کی سلامتی کی حفاظت کیلئے متحد ہیں، امریکی مداخلت پاکستان کے عوام کیلئے کسی قیمت پر قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیان پاکستان ملک کی آزادی، وقار، خودمختاری کی حفاظت کیلئے سیاست اور اقتدار کی کرسی سے بالاتر ہو کر پاکستان دشمن قوت کے مقابلہ میں سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔ کونسل کا اجلاس صدر ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کی صدارت میں ہوا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قائدین نے کہا کہ پوری قوم امریکی ریشہ دوانیوں سے پہلے ہی آگاہ ہے، یہ المیہ ہے کہ امریکا نے ہمیشہ اور ہر دور میں پاکستان کو دھوکا دیا اس کے باوجود ہر حکمران نے واشنگٹن کی چاپلوسی اور ڈکٹیشن قبول کی، جس کی وجہ سے ملک مشکلات سے دوچار ہوا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی اور عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر اختیار کردہ پالیسیوں کو مسترد کر دیا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں شہباز شریف یہ قوم بھکاری نہیں ،بھکاری امریکہ نواز حکمران طبقہ ہے

انہوں نے کہا کہ 9/11 کے سانحہ کے بعد پاکستان کے حکمرانوں نے ہر دور میں غلطیوں اور حماقتوں سے قومی وقار کا سودا کیا۔ آزاد، خودمختار ملک کی بنیاد مضبوط بنانے کیلئے اب وقت آ گیا ہے کہ قومی سلامتی، قیام پاکستان کے مقاصد کے مطابق قومی حکمت عملی کیلئے قومی، دینی، سیاسی قیادت اور ریاستی ادارے ایک پیج پر آ جائیں۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل ملک کی سالمیت، خودداری کیلئے جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بیرونی ملک کی پاکستان کے اندرونی معاملات پر مداخلت ملکی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ ہے، قوم اس کی مذمت کرتی ہے۔ تمام مذہبی جماعتیں کھل کر امریکی مداخلت کی مذمت کریں۔ پاکستانی ایک غیرتمند قوم ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرعظم کو لانے والے اب انھیں مزید سہارا نہیں دے رہے۔ وزیراعظم نے چار برسوں میں قومی ایشوز پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت نہیں کی۔ حکومت نے عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران اپنے کارکنان کو اسلام آباد میں بلایا تو صورتحال مزید خطرناک شکل اختیار کر سکتی ہے۔ ہم نے بار بار عوام سے کہا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں میں کوئی فرق نہیں، مفادات کی خاطر سب ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں۔ ملک کی پالیسیاں ہمیشہ مغرب کے اشاروں پر تشکیل پاتی ہیں جو پاکستان کی تنزلی کا اصل سبب ہیں۔ پاکستان کا قیام اسلام کے نام پر عمل میں آیا اور اس کی بقا اور ترقی کا ضامن بھی اسلامی نظام ہی ہے۔ موجودہ حکومت تمام میدانوں میں بری طرح ناکام ہوئی، اس حکومت نے کشمیر پر پسپائی اختیار کی اور ابھی نندن کو باعزت بھارت کے حوالے کیا۔ پی ٹی آئی نے مغرب کے اشاروں پر قانون سازی کرتے ہوئے خاندانی نظام کو تباہ کیا۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر سٹیٹ بنک کو فروخت کیا اور عوام پر منی بجٹ کی صورت میں اربوں روپے کا ٹیکس عائد کیا۔ گزشتہ پونے چار برسوں میں مدینہ کی ریاست کا نام لے کر ریاست مدینہ کو بدنام کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں پاکستان کی قومی اسمبلی میں بھی امریکہ مخالف نعروں کی گونج

جماعت اسلامی ملک میں امریکی مداخلت کیخلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی رہی ہے، ہم آئندہ بھی اس محاذ پر ڈٹے رہیں گے۔ ملک کی سلامتی اور بقا کا راستہ، آئین و قانون کی بالادستی اور قوم کے اتحاد و اتفاق میں ہے۔ قوم متحد ہو کر ان لوگوں کا انتخاب کریں جنھیں امریکا کی بجائے اللہ کا خوف ہے اور جو گزشتہ سات دہائیوں سے پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں علامہ ثاقب اکبر، مولانا ملک عبدالرؤف، پیر صفدر شاہ گیلانی، علامہ نصیر نورانی، مولانا جمیل الدین اطہر، مولانا جاوید قصوری، مولانا عثمان، مفتی محمد عمر،سید نثار علی ترمذی، انجینئر علی رضا نقوی، علامہ نعیم جاوید نوری، علامہ زبیر احمد ظہیر، راجہ باقر کیانی، سرزمین خان اور مولانا عبدالغفار روپڑی نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button