جعفریہ الائنس پاکستان کے زیر اہتمام ’’استقبال رمضان کانفرنس‘‘کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس پاکستان کے زیر اہتمام ’’استقبال رمضان کانفرنس‘‘ امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والی تنظیمات، امام بارگاہوں کے ٹرسٹی حضرات، بانیان جلوس، اسکاؤٹس اور ملی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس کا مہینہ ہے، ماہ صیام میں اللہ تعالی اپنے بندوں کو ان کے نفوس کی طہارت و پاکیزگی کا بہترین موقع دیتا ہے، اس ماہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ نادار، مساکین اور ضرورت مند افراد کی مشکلات دور کرکے افضل ترین ثواب کمایا جا سکتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں مرکزی تنظیم عزاداری کی جانب سے نشان حسینیت ایوارڈ کی تقریب
انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری کے باعث دیہاڑی دار اور مزدوری پیشہ افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ان کے ذرائع آمدن مسدود ہو کر رہے گئے ہیں، اپنے قرابت داروں اور اہل محلہ میں ایسے افراد کا خصوصی خیال رکھنا ہر صاحب استطاعت کی شرعی ذمہ داری ہے۔
علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ سانحہ پشاور میں امام بارگاہ میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی کے الخراش واقعہ نے ایک بار پھر دہشتگردوں کے اس ملک میں ہونے کا ثبوت دیا ہے، جس کا قلع قمع ہونا بہت ضروری ہے، اس وقت پورے ملک میں دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں۔ علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ ہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک بھر میں رمضان المبارک کے موقع پر نماز جمعہ، شب ہائے قدر، یوم علیؑ کے اجتماعات میں فُل پروف سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائیں، تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کوئی بھی الخراش واقعہ پیش نہیں آسکے۔