اپنے لئے جہنم کے دروازے نہ کھولو: اسرائیل کو حماس کی دھمکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطینی گروہوں نے خبردار کیا ہے کہ استقامتی رہنماؤں کے خلاف کسی بھی طرح کے اقدام کا مطلب ۔صیہونی حکومت کے لئے جہنم کا دروازہ کھولنا ہے
سما نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے العاد علاقے میں گذشتہ ہفتے انجام پانے والے مزاحمتی آپریشن اوراس میں تین صیہونیوں کے ہلاک اور چار کے زخمی ہونے کے بعد صیہونی حکومت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے غزہ پٹی میں تحریک حماس کے رہنما یحیی السنوار کوحالیہ استقامتی کارروائیوں کا اصلی عامل و ذمہ دار قراردیا اور کہا کہ غزہ میں السنوارکے گھرپربمباری کر دینا چاہئے۔
اس جارحانہ دھمکی کے بعد فلسطینی استقامتی گروہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صیہونی حکومت نے استقامتی رہنماؤں کو قتل کرنے کی حماقت کی تو اسے اس کا تاوان اپنی تباہی اور خون کی شکل میں ادا کرنا پڑے گا۔
درایں اثنا تحریک حماس نے السنوار سے اظہاریکجہتی اور ان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے شہرخان یونس میں واقع السنوارکے گھرکی جانب مارچ کیا۔
تحریک حماس کے سینئررہنما مشیر المصری نے اس مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکام نے اگر السنوار یا استقامتی محاذ کے کسی بھی لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کی تو انھیں اس اقدام کی قیمت اپنی جان سے چکانی پڑے گی ۔ تحریک حماس کے رکن نے کہا کہ سیف القدس ابھی غلاف میں نہیں رکھی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف القدس نامی جنگ تو اس جہنم کے مقابلے میں صرف ایک تفریح تھی جو صیہونیوں کے لئے کھلنے والی ہے۔
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے رکن خالد البطش نے بھی السنوار کو قتل کرنے کی صیہونی دھمکی کو تمام فلسطینیوں کے لئے دھمکی سے تعبیرکیا اور کہا کہ کسی بھی استقامتی رہنما کے ممکنہ قتل کے بعد فلسطینی قوم غاصبوں کے خلاف ایک دلیرانہ جنگ شروع کردے گی۔
البطش نے کہا کہ شہر قدس کے تمام افراد خود کو عوام کی حمایت اور پشت پناہی کا پابند سمجھتے ہیں اورہم انقلابی جوانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینی اہداف اوراس کی حیثیت و وقار کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں اور صیہونیوں کے خلاف جدوجہد شروع کردیں ۔
تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے بھی صیہونی حکومت کے استقامتی رہنماؤں کو قتل کرنے کی کسی بھی کوشش کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یحیی السنوار یا کسی بھی استقامتی رہنما کو پہنچنے والا کسی بھی طرح کا نقصان ، علاقے میں زلزلہ پیدا کردے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایسے ہر اقدام پر اتنا سخت ردعمل سامنے آئے گا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ہوگی۔
اس سے قبل یحیی السنوار نے اپنے ایک خطاب میں غزہ اور فلسطین کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ تل ابیب میں اپنی استقامتی کارروائیاں جاری رکھیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائیاں مسجدالاقصی میں صیہونی حکومت کے جرائم کا جواب ہیں ۔