امام خمینی (رہ) نے انقلاب اسلامی ایران کے ذریعے پوری دنیا کی اسلامی تحریکوں کو دوام بخشا، ایوب انصاری
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کے صدر ایوب انصاری نے رہبر کبیر، بانی انقلاب اسلامی ایران و امام امت حضرت امام خمینی (رہ) کی برسی کی مناسبت سے جاری ہونے والے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امام خمینی (رہ) نے اپنے دور کے ظالم اور باطل حکمرانوں کو للکارا اور ان کے قائم کئے گئے ظلم کے نظاموں کو چیلنج کیا، امام خمینی (رہ) نے ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت کی اور ہر ظالم و جابر کے خلاف قیام کیا، امام خمینی (رہ) کی عظیم شخصیت کی برکات کے نتیجے اور اسلامی اصولوں پر پابندی کے سبب ہی ایران میں اسلامی انقلاب کامیاب ہوا، جو آج تک امام خمینی (رہ) کے نائب حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں منزلوں کو طے کرتا ہوا ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ امام خمینی (رہ) کے دیئے ہوئے نظام مملکت اور معاشرت کے بعد عالمی سطح پر موجود اس پروپیگنڈے کا خاتمہ ہوا کہ اسلام کے پاس مملکت چلانے یا عصر جدید کے تقاضوں کے مطابق کوئی لائحہ عمل یا نظام نہیں ہے۔ آپ نے نظریہ ولایت فقیہہ اور حکومت اسلامی کا ڈھانچہ پیش کرکے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ اسلام میں جامع ضابطہ حیات موجود ہے۔