گلگت بلتستان کا موجودہ سیٹ اپ ہماری جدوجہد کا نتیجہ ہے، علامہ ساجد نقوی
تحریک اسلامی پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی اپنے مذہبی و سیاسی دورہ پر آج اسکردو پہنچ گئے ہیں۔ اسکردو میں شیعہ علماء کونسل، انجمن امامیہ بلتستان اور تحریک اسلامی کے کارکنان کے علاوہ پیپلز پارٹی سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنان نے بھی ان کا استقبال کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے یادگار شہداء اسکردو پر عوام کے جمع غفیر سے خطاب کیا۔ انہوں نے سانحہ چلاس، سانحہ کوہستان اور سانحہ بابوسر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور لواحقین کو تعزیت بھی پیش کی۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ہماری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، پاکستانی عوام ہم پر اعتماد کرتے ہیں، کارکردگی کی بنیادوں پر اسی اعتماد کے نتیجے میں ملی یکجہتی کونسل کا سربراہ بنایا اور ہم عوام کی توقعات پر پورا اترتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہماری مخلصانہ جدوجہد جاری و ساری ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور موجودہ سیٹ اپ ہم نے دلوایا اور یہ ہماری جدوجہد اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ہم نے سانحہ چلاس، سانحہ بابوسر کے بعد پورا پاکستان جام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر سے تکفیری قوتوں کو بالخصوص ضلع جنگ سے شکست فاش دی اور ان تکفیریوں کو آئندہ پانچ سال کے لئے اسمبلیوں سے باہر کردیا۔ اب ہم گلگت بلتستان میں از سر نو تنظیم سازی کریں گے اور ہر جگہ آفس کھولیں گے اور اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھیں گے۔