فلسطینی مسلمان اسرائیل کے غاصبانہ تسلط سے جلد نجات حاصل کرلیں گے، علامہ حیات عباس نجفی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ حیات عباس نجفی نے 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ و اسرائیل کی پالیسیوں سے عالمی امن بالخصوص مشرق وسطی کے امن و سلامتی کو خطرہ ہے، امریکہ اور اسرائیل سعودی عرب اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے سے پریشان ہیں، دنیا کے کئی ممالک اور اقوام پر مسلط کردہ امریکی جنگوں کی ایک طویل فہرست ہے، جن میں کئے گئے مظالم پر دل خون کے آنسو روتا ہے اور انسانیت شرمندہ ہے، فلسطینی مسلمانوں پر کئے جانے والے حالیہ اسرائیلی حملوں میں بھی امریکہ برابر کا شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم مردہ باد امریکہ یعنی امریکی سامراج کے خلاف صدائے احتجاج، دنیا کے تمام محروموں اور مستضعفین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا دن، فلسطینی کاز کو فلسطینی بھائیوں کی آراء سے ہی حل کرنے کا نعرہ اور ظالم طاقتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا دن ہے، اسرائیلی معاشرہ گھٹن اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ہی امریکہ و برطانیہ کی طرف سے بنائی گئی ناجائز ریاست اپنے خاتمے کی طرف بڑھ رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب مظلوم فلسطینی اسرائیل کے وحشیانہ اور غاصبانہ قبضے سے نجات حاصل کر لیں گے۔