مشرق وسطی

حماس نے 13 صیہونی قیدی، 12 تھائی شہری جبکہ اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا

شیعہ نیوز: غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا۔ حماس نے 25 قیدی جبکہ اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس نے 13 اسرائیلی قیدیوں اور 12 تھائی شہریوں کو رہا کر دیا۔ 4 روز کے دوران غزہ سے 50 قیدی اور اسرائیل میں قید 150 فلسطینی رہا کیے جائیں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حماس نے 13 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپوٹ کے مطابق اسرائیلی حکام نے قیدیوں کو منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، قیدیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر تل ابیب کے مضافات میں قائم شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ عرب میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے رہا تھائی لینڈ کے 12 شہری اسرائیل پہنچ گئے، تھائی شہریوں کو خصوصی طبی مراکز میں رکھا جائے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے 39 فلسطینی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا، رہا کئے گئے فلسطینی قیدیوں میں 24 خواتین اور 15 کمسن بچے شامل ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے عوفر جیل منتقل کیا گیا۔ قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے تحت اسرائیل ہر قیدیوں کی رہائی کے بدلے 3 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا، رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے شہروں میں سے ہے۔ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد چار روزہ عارضی جنگ بندی ہوگئی، جس کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی کے آغاز کے بعد مصر سے براستہ رفح کراسنگ 8 ٹینکر جنوبی غزہ میں داخل ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق 4 ٹینکر ایندھن اور 4 ٹینکر کوکنگ گیس کے داخل ہوئے، ٹینکرز اقوامِ متحدہ کی امدادی تنظیموں کو منتقل کر دیئے گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق آج کم از کم 200 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ عارضی جنگ بندی کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی جاری ہے۔ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش اور ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ سٹی اور شمالی غزہ پر روزانہ چھ گھنٹے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اسرائیلی طیارے پرواز نہیں کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button