حماس نے دوبارہ جنگ شروع کرنے کی اسرائیلی دھمکیوں کو کھوکھلا قرار دیدیا
شیعہ نیوز: حماس نے دوبارہ جنگ شروع کرنے کی صیہونی دھمکیوں کو کھوکھلا قرار دے دیا۔ حماس کے پولیٹیکل بیورو ممبر اسامہ حمدان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی کھوکھلی دھمکیاں ہمارا مؤقف تبدیل نہیں کرسکتیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہم جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے پابند ہیں، اسرائیل اپنے قیدیوں کو بزور طاقت رہا نہیں کرواسکتا۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے عارضی جنگ بندی کی خلاف ورزی پر حماس نے قیدیوں کے دوسرے گروپ کی رہائی موخر کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حماس کو 25 نومبر کو 14 قیدیوں کو رہا کرنا تھا۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ قیدیوں کے دوسرے گروپ کی رہائی مؤخر کر رہے ہیں، کیونکہ اسرائیل معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔ القسام بریگیڈ کے مطابق معاہدے کے تحت اسرائیل کو شمالی غزہ میں امدادی ٹرکوں کی رسائی دینی ہوگی۔ معاہدے کے تحت رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں سینیئر قیدیوں کو شامل کرنا ہوگا۔ قیدیوں کے دوسرے گروپ کی رہائی مؤخر کرنے پر اسرائیل نے حماس کو دھمکی دے دی اور کہا کہ حماس نصف شب تک قیدیوں کو رہا کرے یا حملوں کے لئے تیار ہوجائے۔