ایک دن میں صیہونیوں کے 100 سے زائد حملے، 240 فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: صیہونی فوج نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 100 سے زائد حملے کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ان حملوں کی سنچری میں 240 سے زائد فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ فلسطینی ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر پر بھی بمباری کی گئی، جس میں متعدد شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔ فلسطینی مزاحمت کاروں نے جوابی وار کیے، اسرائیلی فوج نے مزید 2 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
اسرائیلی بمباری کے باعث غزہ میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی سروسز پھر معطل ہوگئی ہیں۔ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے، جہاں 2 فلسطینی شہید کیے گئے ہیں۔ فلسطینی سیاست دان خالدہ جرار سمیت 55 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران قیدیوں کے اہلِ خانہ نے احتجاج کیا اور قیدیوں کی فوراً رہائی کا مطالبہ کیا۔