جنرل سید رضی موسوی کی شہادت سامراجی حکومت کے فطری دہشت گردی کا ثبوت ہے، آغا سید حسن
شیعہ نیوز: جنرل سید رضی موسوی کی مظلومانہ شہادت کو سامراجی حکومت کی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مزاحمتی تحریک کے عظیم لشکر اور حامیان مظلومین کی خدمت میں اس عظیم مصیبت پر تعزیت پیش کی۔
علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس کی مادر گرامی جناب ام البنین (ع) کے وفات کے سلسلے اور کشمیر کے معروف جلیل القدر عالم دین اور انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر مرحوم محبوب ملت حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی کی 21ویں برسی کے موقعہ پر تنظیم کے اہتمام سے وادی میں منعقد ہونے والے جمعہ مراکز پر مرحوم قائد کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی منعقد ہوئیں۔
اس موقع پر آئمہ جمعہ حضرات نے مرحوم قائد کی دینی، تبلیغی، علمی، سماجی، سیاسی اور ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آئمہ جمعہ حضرات نے آقای مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کو اپنے آباء و اجداد کے 5 سو سالہ تبلیغی مشن کا لامثال امین و محافظ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومتی اداروں کو مسئلہ کشمیر و فلسطین سمیت اپنی تمام پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے، ایم ڈبلیو ایم قم
مرکزی امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ بانی انجمن شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید یوسف الموسوی الصفوی جیسے مدبر، مخلص، متقی اور ولولہ انگیز عالم جلیل اور حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید مصطفی الموسوی الصفوی جیسے ایصار و وفاکیش شخصیت شیعیان کشمیر کے لئے ایک عظیم نعمت الٰہی تھی۔ کشمیر میں ترویج دین اور احیاء شریعت کے لئے موصوفان کا باہمی اعتماد اور وفا شعاری ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔
آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ صدر مرحوم کی پُر کشش اور ولولہ آفرین شخصیت کا راز آباء و اجداد کی راہ و روش کی پیروی اور اپنے مربی و قائد کی صحبت و تربیت اور مثالی اطاعت و فرمانبرداری تھی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انقلاب اسلامی ایران کی ترجمانی اور نظام ولایت فقہی کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے میں صدر مرحوم کا کلیدی کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ نماز جمعہ کے بعد مرکزی ذاکر سید اعجاز حسی کاظمی نے مرثیہ خوانی کی۔