مولانا سید جواد نقوی کا یوٹرن، عام انتخابات میں جماعت اسلامی کی حمایت
شیعہ نیوز: جمہوری نظام سیاست کے مخالف اور انقلاب سیاسی نظام کے علمبردار جامعہ عروۃ الوثقی اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ مولانا سید جواد نقوی نے اپنے بنیادی موقف سے ایک مرتبہ پھر یوٹرن لیتے ہوئے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے آفیشل فیس بک اکاونٹ سے جاری ایک بیان مے مطابق امیر جماعت اسلامی پنجاب (وسطی) و امیدوار قومی اسمبلی این اے 124 محمد جاوید قصوری صاحب نے تحریک بیداری امت کے سربراہ اور جامعہ عروۃ الوثقی کے مدیر علامہ سید آغا جواد نقوی صاحب سے ملاقات کی، امیدوار صوبائی اسمبلی حافظ لئیق احمد سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، قبلہ نقوی صاحب نے این اے 124 اور پی پی 160 میں جماعت اسلامی کے امیدواران کی حمایت اور تائید کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ مولانا سید جواد نقوی ووٹ دینے کے عمل کو خدا کی ربوبیت سے انکار قرار دے چکے ہیں، اور متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کا موجودہ سیاسی نظام قطعی طور پر اسلامی نہیں ہے، تاہم اب شیعہ سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے مولانا جواد نقوی کا جماعت اسلامی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔