اسلامی تحریکیں

شب قدر امت مسلمہ پر اللہ تبارک و تعالٰی کا ایک عظیم احسان ہے، مولانا مسرور عباس انصاری

شیعہ نیوز: جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے جامع مسجد سجادیہ سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مولانا مسرور عباس نے شب ہائے قدر کی فضیلت، اہمیت، افادیت اور قرآن پاک کی عظمت بیان کرتے ہوئے قرآن مجید کو دستور حیات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شب قدر امت مسلمہ پر اللہ تبارک و تعالٰی کا ایک عظیم احسان اور نعمت و رحمت عظمٰی ہے جس کا احیاء وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقدیر ساز رات ہمیں خودسازی کا موقع فراہم کرتی ہے تاکہ مقصد حیات کے حصول کے ساتھ ساتھ انسان کو ابدی سعادتیں اور سربلندیاں بھی حاصل ہوجائے۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے امت مسلمہ سے تلقین کی کہ وہ ان عظیم راتوں میں اپنی بخشش و مغفرت اور بہتری کے علاوہ اپنے روشن تقدیر کے لئے جستجو و جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ شب قدر کا ایک ایک لمحہ انتہائی قدر و قیمت کا حامل ہے لہذا اس سے اس طرح استفادہ حاصل کیا جائے جس طرح ہمارے رہنما و رہبر ائمہ اطہار علیہم السلام ہم سے تقاضا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ قرآن کی تعلیمات دستور حیات اور فلاح و بہبود کی ضامن ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ہم نے اس جامع اور مکمل دستور حیات کو تنگ نظری سے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس کتاب نے ہر دور میں مردہ ضمیروں کو جگانے کا کام کیا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ہم نے اس کی تعلیمات سے استفادہ حاصل کرنے کے بجائے اس کو تاقچوں، قبرستانوں، شادی بیاہ، ہدیہ، رمضان اور سفر وغیرہ کے رسموں تک ہی محدود رکھا۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ قرآن اور اہلبیت (ع) سرچشمہ ہدایت ہیں اور اس وقت پوری دنیا خاص طور پر مسلم امہ میں جو تشویشناک مسائل اور حالات پیدا ہوگئے ہیں اس کی بنیادی وجہ قرآن و اہلبیت سے روگردانی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button