کراچی، آئی ایس او کے تحت مرکزی اجتماعی اعمال شب قدر کا اجتماع
شیعہ نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام سالانہ اجتماعی اعمال شب قدر کا انعقاد مسجد و امام بارگاہ سید الشہداء آئی آر سی میں کیا گیا۔ اجتماعی اعمال شب قدر میں شہر بھر سے کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ مولانا سید رضا جعفری نے دعائے جوشن کبیر کی تلاوت کی۔ اجتماعی اعمال شب قدر کے دوران مولانا سید فرخ عباس رضوی نے مقالہ قرآن پیش کیا، جبکہ مولانا سید کاظم عباس نقوی نے شب قدر کی اہمیت اور افادیت پر خطاب کیا۔ بعد ازاں آغا مبشر حیدر زیدی کی اقتداء میں شرکاء نے اعمال قرآنی و شب قدر ادا کئے۔
اجتماعی اعمال شب قدر میں جمہوری اسلامی ایران سے خصوصی طور پر تشریف لائے ہوئے بی بی سیدہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم مقدس کے خادمین و تواشی گروپ نے قرأت قرآنی و تواشی پیش کی، جبکہ شرکاء اعمال شب قدر کو حرم مقدس بی بی معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے پرچم کی زیارت کروائی گئی۔ پروگرام میں دستہ امامیہ کے صاحب بیاض وسیم الحسن عابدی، شبیہ حیدر و احسن رضوی نے منقبت پیش کی، جبکہ عون جعفری نے استغاثہ بحضور امام زمانہ (عج) اور جری سجاد نقوی نے نوحہ پیش کیا۔
قبل ازیں اجتماعی اعمال شب قدر کے دوران شرکاء سے خطاب میں علماء کرام نے کہا کہ قرآن ہمارے لئے نور ہدایت ہے، ہمیں قرآنی پیغام پر اپناتے ہوئے اور ناطق قرآن امام علی علیہ السلام کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ شب قدر امام زمانہ امام مہدی (عج) سے تجدید عہد کی شب ہے، اس شب میں ہمیں اپنے زمانے کے امامؑ کے ظہور کی دعا کثرت سے کرنی چاہیئے اور اپنی زندگیوں کو تعلیمات قرآن و سیرت حضرت محمدؐ و آل محمدؐ کے عین مطابق ڈھالتے ہوئے تعجیل ظہور امام مہدی (عج) کی زمینہ سازی کیلئے ہم ممکن جدوجہد کرنی چاہیئے۔ اجتماعی اعمال شب قدر کے آخر میں ایران سے آئے حرم مقدس بی بی معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے خادم نے زیارت امام حسینؑ کی تلاوت کی۔