
امت مسلمہ اسلام و قرآن کے ایک عظیم محافظ سے محروم ہوگئی، علامہ عابد الحسینی
شیعہ نیوز: سابق سنیٹر علامہ سید عابد الحسینی نے تحریک حسینی کی سپریم کونسل اور مرکزی کابینہ کی ہنگامی میٹنگ بلائی، جس میں صدر تحریک حسینی، سپریم کونسل اور مرکزی کابینہ کے ممبران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران صدر اسلامی جمہوریہ ایران اور اسکے رفقاء کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ تحریک حسینی کے سپریم لیڈر استاد العلماء علامہ سید عابد الحسینی نے کہا کہ بطور صدر مملک ابراہیم رئیسی جیسی شخصیات کم نظیر ہوتی ہیں۔ انکی رحلت پوری امت مسلمہ بالخصوص مظلوم فلسطینیوں بالاخص ایران کی غیور امت کے لئے بہت گہرا صدمہ ہے۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ عین ممکن ہے کہ یہ امریکہ اور صہیونی ریاست کی ایک متفقہ سازش ہو، انہوں نے اس سانحے کے لئے آذر بائجان حکومت کو بھی مشکوک قرار دیا۔ جو کہ خطے میں صہیونی ریاست کا ایک اہم ساتھی ہے۔ اجلاس کے آخر میں امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ ان شہداء کی یاد میں ایک کانفرنس اور مجلس ترحیم کا انعقاد کیا جائے گا۔