مدارس دینیہ کے مضبوط نیٹ ورک سے جہالت کے بادل چھٹ رہے ہیں، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز: سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی سے حوزہ علمیہ جامعة المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں ملاقات کی اور ان کے بہنوئی مولانا باقر حسین نقوی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ مولانا باقر حسین نقوی گذشتہ دنوں علی پور میں انتقال کر گئے تھے۔ دونوں رہنماوں نے شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس، محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ علماء کی محنتوں کی وجہ آج پاکستان بھر میں مدارس دینیہ کا مضبوط نیٹ ورک موجود ہے، جس کی وجہ سے جہالت کے بادل چھٹ رہے ہیں، لوگ قرآن مجید، اسلامی تعلیمات اور سیرت محمد و آل محمد علیہم السلام کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔ منیر گیلانی نے کہا مدارس دینیہ میں جدید تعلیم اور حفظ قرآن پر توجہ قابل تعریف ہے۔ ان نعمتوں کو جاری رکھا جانا چاہیئے۔