غزہ، اسرائیلی ڈرون و جنگی طیاروں کے حملے، مزید 18 فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: وسطی غزہ میں اسرائیلی ڈرون اور جنگی طیاروں سے گھروں اور بے گھر افراد کے کیمپوں پر حملے کیے گئے ہیں، جن میں 1 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اقوامِ متحدہ کے ایک اور پناہ گزین اسکول پر حملہ کر کے 17 فلسطینیوں کو شہید اور 80 کو زخمی کر دیا۔ ادھر حماس نے جنگ بندی مذاکرات سے دستبرداری اختیار کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔ حماس کے سیاسی دفتر کے رکن عزت الشرق نے کہا ہے کہ اسرائیل نے حملوں میں اضافہ کرکے ثالث کا کردار ادا کرنے والے عرب دوستوں اور امریکا کی سیز فائر کی کوششوں کو کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی ہے ان کا کہنا ہے کہ اس سب کے باوجود اب تک حماس جنگ بندی کے لیے جاری مذاکراتی عمل سے دستبردار نہیں ہوئی۔
دوسری جانب فلسطینی انسانی حقوق کے گروپوں نے عالمی برادری پر اسرائیل کی طرف سے غزہ میں فلسطینیوں کے "دانستہ قتلِ عام” کا الزام لگا دیا۔فلسطینی انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کو ختم کرنے میں عالمی برادری کی ناکامی سے اسرائیل کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ فلسطینی گروپوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیوں کو مسلح کرنے اور مالی امداد فراہم کرنے والی ریاستیں نسل کشی سمیت دیگر جرائم میں شریک ہیں۔