رضاکاروں کے دلوں میں عزاداروں کی خدمت کا جذبہ قابل دید ہے، علامہ علی حسنین حسینی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے یوم عاشورہ کے جلوس کے انتطامات پر انتظامیہ، انجمن تاجران، پولیس اور رضاکار اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی تعاون کے ذریعے ہر موقع پر احسن کارکردگی پیش کی جا سکتی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر لاکھوں افراد اپنے گھروں سے نکلتے ہیں۔ اس سال گرمی کی شدت کے باعث مشکلات دیگر سالوں کی نسبت زیادہ تھیں، تاہم انتظامیہ، پولیس، انجمن تاجران، سیکیورٹی فورسز اور رضاکار اداروں نے احسن طریقے سے تمام انتظامات مکمل کئے۔ جس کے باعث دس محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر عزاداروں کو سہولیات میسر تھیں۔ انہوں نے رضاکار اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رضاکاروں کے دلوں میں عزاداروں کی خدمت کا جذبہ قابل دید ہے۔ شہدائے کربلاء کے عزاداروں کے لئے بغیر کسی معاوضے کے خدمت کرنے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔