پشاور، شیعہ علماء کونسل کے وفد کی پاراچنار لڑائی کے زخمیوں کی عیادت
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ کی سربراہی میں ایک وفد نے پشاور کے مقامی ہسپتالوں میں لائے گئے پارا چنار کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ سے بریفنگ لی۔ وفد میں شاہد امداد بیگ، عمران حسنین انصاری، آغا سید شیر شاہ رضوی، سید مرتضیٰ عباس رضوی، علی عرفان میر، ذاکر ذوالفقار علی حیدری، سید سجاد علی شاہ جعفری، سید تیمور علی شاہ کاظمی، علی عباس، سید حمید آغا اور ذیشان حیدر شامل تھے۔ وفد نے ان ہسپتالوں کے دورے کے دوران مختلف وارڈز میں موجود زخمیوں کی عیادت کی، ان کے اہل خانہ سے سانحہ کرم پر تعزیت کی اور ڈاکٹرز سے مختلف شدید زخمیوں کے علاج معالجے کی بابت بریفنگ لی۔
انہوں نے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا دعائیہ پیغام پہنچایا اور علامہ ساجد نقوی کی جانب سے علاج معالجے کے لیے تعاون کیا۔ وفد نے زخمیوں کے لیے علاج معالجے میں ہر ممکن تعان کا یقین دلایا اور ان کی لیے شفائے کاملہ و عاجلہ کی دعا بھی کی۔