کرم میں فریقین فائربندی پر رضامند، خونریز جھڑپیں بند
شیعہ نیوز: ضلع کرم میں فریقین فائربندی پر رضامند ہوگئے ہیں، جس کے بعد خونریز جھڑپیں بند ہوگئیں۔ مورچوں میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ ضلع کرم کے پانچ مقامات پر کل رات سے کسی قسم کی فائرنگ نہیں ہوئی ہے۔ تاہم پاراچنار پشاور مین شاہراہ آج ساتویں روز بھی ہر قسم آمد و رفت کیلئے بند ہے، مین روڈ بند ہونے کے باعث کسانوں اور تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے، مین روڈ بند ہونے کی وجہ سے اشیاء خوردونوش، میڈیسن اور دیگر چیزوں کی کمی محسوس کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ پائیدار امن کیلئے مزید کوششیں جاری ہیں، امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے گرینڈ جرگہ، جی او سی 9 ڈیو کوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی جی اور کمشنر کوہاٹ بھی پاراچنار میں موجود ہیں۔
سماجی رہنماء محمود جان طوری کا کہنا ہے کہ زمینی تنازعات ہر جگہ ہوتے ہیں، مگر ضلع کرم میں اس قسم کے فسادات کا سر اٹھانا حکومت کی نااہلی ہے، کیونکہ جب جرگہ ایک مسئلے کو حل کردے تو ان کی ایمپلی مینٹیشن کرنا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے جبکہ یہاں حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی ہے، جس کے باعث فسادات شروع ہوجاتے ہیں۔