
کراچی ایئرپورٹ کے باہرچینی شہریوں پر خودکش حملے کا مقدمہ کئی روز بعد درج
شیعہ نیوز: شہر قائد میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سگنل کے قریب ہوئے دھماکے کا مقدمہ کئی روز بعد بدھ 9 اکتوبر کے روز درج کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ ایئرپورٹ کلیم موسیٰ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق دھماکے میں چینی باشندوں کے اسکواڈ کو نشانہ بنایا گیا، چینی باشندوں کا اسکواڈ ایئرپورٹ سے شارعِ فیصل جا رہا تھا۔ درج مقدمے کے مطابق کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی، حملہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والوں میں رینجرز اہلکار حبیب اللہ بھی شامل ہے، دھماکے میں 15 گاڑیاں متاثر ہوئیں، جبکہ ایک پولیس موبائل بھی تباہ ہوئی۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد حملہ پاکستان اور چین کے تعلقات اور ملکی سلامتی کو متاثر کرنے کیلئے کیا گیا، کالعدم تنظیم نے نامعلوم دہشتگرد کی ذہن سازی اور غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد حاصل کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 2 غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔