اہم پاکستانی خبریں

اسلامی نظریاتی کونسل کی غزہ میں اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت

شیعہ نیوز: اسلامی نظریاتی کونسل کا 239واں اجلاس چیئرمین ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالغفور راشد، فریدہ رحیم، ملک اللہ بخش کلیار، محمد جلال الدین، صاحبزادہ پیر خالد سلطان قادری، جسٹس (ر) ظفر اقبال چودھری، علامہ سید افتخار حسین نقوی، مفتی محمد زبیر، جناب علامہ یوسف اعوان، ڈاکٹر عزیز محمود الازہری، پیر شمس الرحمٰن اور ڈاکٹر مفتی انتخاب نوری نے شرکت کی۔ اجلاس میں مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کا تصحیح شدہ فیصلہ، کریمینل اپیل نمبر 590/2017 بابت توہین رسالت و توہین مقدسات اسلام، انسانی دودھ کے بینک (Human Milk Bank) کے قیام کے بارے میں کونسل سے استفسار، مسلم عائلی قوانین (ترمیمی) بل، ۲۰۲۴، وقف ایکٹ ۲۰۲۰ء کے تحت قواعد کی تیاری کا مسودہ، قانون انفساخ ازدواج مسلمانان (ترمیمی) ایکٹ، ۲۰۲۴ء سمیت متعدد امور زیربحث آئے۔

کونسل نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے تصحیح شدہ تفصیلی فیصلے کو ملاحظہ کیا اور چیف جسٹس آف پاکستان کو اس شاندار فیصلے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کی تحسین بھی کی کہ اس مسئلہ کے حل کے لیے فیصلہ میں تصحیح کیلئے حکومت کی طرف سے پٹیشن دائر کی گئی۔ علاوہ ازیں کریمینل اپیل نمبر 2017/590 بابت توہین رسالت اور مقدسات اسلام میں سپریم کورٹ کے استفسار پر کونسل نے سفارشات کی منظوری دی جو کہ عدالت عظمی کو ارسال کی جائے گی۔ مسلم عائلی قوانین (ترمیمی) بل 2024 میں کونسل کی متعدد شقوں میں تبدیلی کی تجاویز دیں۔ وقف ایکٹ 2020 کے تحت کونسل نے قواعد کے مسودے کی منظوری دی۔ قانون انفساخ ازدواج مسلمانان کے تفصیلی جائزے کے بعد اس کی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ انسانی دودھ کے بینک بارے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا اور بعدازاں ماہرین، اطباء اور علماء کی سفارشات کونسل کے اگلے اجلاس میں رکھی جائیں گی۔ مزید برآں اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل کے پچاس برس مکمل ہونے پر ملک بھر میں گولڈن جوبلی تقریبات کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی جس میں کونسل کی خدمات کو اجاگر کیا جائےگا۔ اجلاس کے آخر میں غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کی گئی اور فلسطین اور لبنان کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button