27 اکتوبر کو کراچی کی سرزمین ولایت کی عظمت کی گواہی دے گی، علامہ حسن ظفر نقوی
27 اکتوبر کو کراچی کی سرزمین مادر وطن سے محبت کرنے والوں کے عشق کی گواہی دے گی، سندھ بھر سے قافلے عظمت ولایت کانفرنس میں شرکت کریں گے، ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کردہ پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے سیکرٹری جنرل علامہ امداد نسیمی، مولانا گل حسن مرتضوی، عروج تقوی، عباس مرتضائی اور دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ عظمت ولایت کانفرنس میں ملت جعفریہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی اور یہ ثابت کردے گی کہ ہم نے ہمیشہ ظلم کے خلاف اپنی آواز کو بلند کیا اور اب بھی 45 ہزار پاکستانیوں نے قاتلوں سے مذاکرات کے خلاف اپنی آواز حق کو بلند کریں گے۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ کراچی کی سرزمین پر پیروان ولایت کا عظیم اجتماع عظمت ولایت کانفرنس کی صورت میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا، یہ اجتماع دہشت گردی، لاقانونیت اور مہنگائی کے خلاف اہم سنگ میل ثابت ہوگا، سندھ بھر سے لاکھوں فرزندان ولایت غدیری و عزم و حوصلے کے ساتھ عظمت ولایت کانفرنس میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں بالکل ناکام ہو چکے ہیں، پوری ریاست آہستہ آہستہ دہشت گردوں کے سامنے سرنڈر کرتی چلی جا رہی ہے، اسٹیٹ کمزوری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور دہشت گرد ان پر غالب آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں، اس وطن کے غیور اور باوفا بیٹے اس ملک کی تباہی اور بربادی پر نظارہ گر نہیں بنیں گے، ہم وطن کی سالمیت کے خلاف اٹھنے والے ہاتھوں کو توڑنا جانتے ہیں، ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم اس کو دہشت گردی کے خیبر سے نجات دلائیں گے۔