ضلع کرم کے طوری بنگش قبائل کا احتجاجی طور پر پیدل کفن پوش مارچ کا اعلان
شیعہ نیوز: ضلع کرم کے طوری بنگش قبائل نے علاقے میں طویل بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات اور راستوں کی بندش کے خلاف مین روڈ پر پیدل کفن پوش مارچ کا اعلان کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق کفن پوش مارچ صبح دس بجے پاراچنار پریس کلب سے روانہ ہوگا ۔
طوری بنگش قبائل کے ہزاروں مظاہرین گذشتہ روز لوئر کرم کے علاقہ بگن اوچت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے دو افراد کے میتوں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں پریس کلب پاراچنار پہنچے جہاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طوری بنگش قبائل کے رہنما جلال بنگش ، علامہ تجمل حسین اور عنایت طوری نے کہا کہ ائے روز دہشت گردی کے واقعات اور طویل عرصہ سے سڑکوں کی بندش سے تنگ آگئے ہیں اور لاکھوں آبادی اپنے علاقے میں محصور ہوکر رہ گئی ہے کوئی فریاد سننے کو تیار نہیں مجبوراً كل راستے کھولنے کیلئے اپنے سروں پر کفن باندھ کر پیدل مارچ کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کا دورہ گلگت فلاپ شو تھا، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم
رہنماؤں نے کہا کہ صبح دس بجے پاراچنار پریس کلب سے کفن پوش مارچ کا اغاز کیا جائے گا اور مین روڈ پر پیدل مارچ کرینگے رہنماؤں نے کہا کہ کفن پوش مارچ کسی پر چڑھائی یا لڑنا نہیں بلکہ اجیرن زندگی اور بدامنی و راستوں کی بندش سے تنگ اکر از خود قدم اٹھانا ہے جس پر امن اور عوام کی جان ومال کے ذمہ داروں نے ہمیں مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنت نظیر خطے میں نادیدہ قوتوں کی دہشت گردانہ کاروائیاں مزید برداشت سے باہر ہیں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 26 روز سے راستوں کے بندش کے باعث عوام خوراکی اشیاء اور زندگی کے بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں ایندھن نہ ہونے کے باعث سڑکیں سنسان ہیں اور میڈیسن نہ ملنے کے باعث بارہ بچوں سمیت 20 سے زائد افراد دم توڑ گئے ہیں