اسرائیلی جنگ کی وجہ سے غزہ میں صورت حال شرمناک، سنگین اور ناقابل قبول ہے، پوپ فرانسس
شیعہ نیوز: مسیحی کیتھولک فرقے کے سربراہ پوپ فرانسس نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کا 16واں ماہ شروع ہونے پر جنگ کے خلاف تنقید کو تیز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘غزہ میں صورت حال شرمناک ہے۔’
جمعرات کے روز پوپ فرانسس نے اسرائیل کی غزہ میں جاری جنگ پر اپنی حالیہ تنقید میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ‘فلسطینیوں کی غزہ کی پٹی میں انسانی صورت حال ابتر ہے۔ یہ بڑا سنگین اور شرمناک معاملہ ہے۔’
ان کا سالانہ سفارتی خطاب ان کے ایک معاون نے جمعرات کے روز پڑھ کر سنایا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران: خوزستان میں غیر ملکی جاسوس نیٹ ورک پکڑا گیا
وہ غزہ میں سردی کی شدت سے ہونے والی ہلاکتوں پر بات کر رہے تھے۔ جہاں بجلی کی دستیابی ہے نہ ایندھن کی فراہمی۔
پوپ فرانسس کے سالانہ خطاب میں کہا گیا ‘ہم کسی طور بھی شہریوں پر بمباری قبول نہیں کر سکتے۔’
واضح رہے اسرائیل کی غزہ جنگ کے دوران 16واں ماہ شروع ہونے تک کوئی دن ایسا نہیں رہا جب اسرائیل نے غزہ پر بمباری کر کے فلسطینیوں کو ہلاک نہیں کیا۔
اب تک ان فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 46 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ جن میں 70 فیصد کے قریب بچے اور خواتین ہیں۔ جبکہ بھوک اور سردی سے مرنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ اس پر مستزاد ہے۔
پوپ کے خطاب میں یہ بھی شامل کیا گیا تھا ‘ہم بچوں کی ان حالات میں موت کو بھی قبول نہیں کر سکتے کہ وہ سردی سے ٹھٹھر کر مر رہے ہیں ، ہسپتال تباہ حال ہیں اور توانائی کا نیٹ ورک بری طرح پامال کر دیا گیا ہے۔’