
اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، سابق امریکی وزیرخارجہ
شیعہ نیوز : سابق امریکی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی سابق وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اسرائیل تنہا ایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ نہیں کرسکتا۔ اگرچہ تل ابیب ان تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتا ہے، تاہم ایسی کسی بھی کارروائی کے خطے میں سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
باراک اوباما کے دور میں وزیر خارجہ رہنے والے جان کیری نے اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملے کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل اکیلا ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ شاید وہ اسے جزوی نقصان پہنچا سکے، لیکن اس طرح کا حملہ پورے خطے کے لیے بڑے خطرات کو جنم دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : برازیل، طبی مصنوعات کی عالمی نمائش، ایرانی مصنوعات توجہ کا مرکز
امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے جان کیری نے 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کے تناظر میں موجودہ امریکی صدر کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ صدر ٹرمپ ایک بہتر معاہدے تک پہنچ سکیں گے۔ میں خوش ہوں کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، یہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے۔
کیری نے مزید کہا کہ یہ حیرت انگیز ہے کہ صدر ٹرمپ اس معاہدے سے باہر نکلے، جو ایران کے جوہری ہتھیاروں کے امکانات کو ختم کرچکا تھا۔ تاہم اب یہ اطمینان بخش بات ہے کہ صدر دوبارہ مذاکرات کی راہ پر ہیں، اور امید ہے کہ وہ ایسا معاہدہ حاصل کریں گے جو پچھلے معاہدے کے معیار پر پورا اُترے۔
جان کیری کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری پروگرام پر پانچویں دور کی بالواسطہ بات چیت گزشتہ روز اٹلی کے دارالحکومت روم میں منعقد ہوئی۔