
صہیونیوں کا اگلا ہدف پاکستان ہے، علامہ جواد نقوی
تحریک بیداری کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اب دفاع کی جنگ اپنی سرزمین سے باہر لڑنے کا فیصلہ کرے، جیسا کہ ایران اور دیگر استقامت کے محور ممالک کر رہے ہیں۔ پاکستان کیلئے عرب حکمرانوں کی حمایت کی امیدیں فریبِ نظر ہیں، وہ ہمیشہ سامراج کے سہولت کار رہے اور رہیں گے، پاکستان اپنے خدا، اپنے عوام، اپنی فوج اور خوداری پہ ہی بھروسہ کرے
شیعہ نیوز: جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید جواد نقوی نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری صہیونی جارحیت اور اس کے پاکستان تک پھیلنے والے اثرات پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے شروع ہونیوالا معرکہ اب ایران تک آ پہنچا ہے، اور یہ جسارت اسرائیل کی تنہا نہیں، بلکہ امریکہ اور اس کے عرب حلیفوں کی سرپرستی میں تشکیل دی گئی عالمی سامراجی حکمت عملی کا تسلسل ہے، جس کا ہدف پورا خطہ اور بالخصوص پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر اسرائیل” کا منصوبہ صرف فلسطین تک محدود نہیں، بلکہ شام، عراق، سعودی عرب اور اب ایران اس نقشے کا حصہ ہیں۔ اور اب پاکستان اگلا ہدف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کا میدان میں آنا صیہونی حکومت کی کمزوری کی علامت ہے، سید علی خامنہ ای
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان ایران کو اپنی دفاعی فرنٹ لائن سمجھے اور اس سے دفاعی اشتراک کو فوری طور پر مضبوط کرے، دفاعی بجٹ اور عسکری مشقیں زمینی حقائق کے مطابق ترتیب دے، ملک سے اسرائیلی نفوذی عناصر کا مکمل صفایا کرے، عوامی مزاحمت، دفاعی شعور اور یکجہتی کو بیدار اور منظم کرے، عالمی طاقتوں پر بھروسے سے گریز کرے اور خدا پر ایمان و داخلی وحدت پر انحصار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب دفاع کی جنگ اپنی سرزمین سے باہر لڑنے کا فیصلہ کرے، جیسا کہ ایران اور دیگر استقامت کے محور ممالک کر رہے ہیں۔ پاکستان کیلئے عرب حکمرانوں کی حمایت کی امیدیں فریبِ نظر ہیں، وہ ہمیشہ سامراج کے سہولت کار رہے اور رہیں گے، پاکستان اپنے خدا، اپنے عوام، اپنی فوج اور خوداری پہ ہی بھروسہ کرے۔