
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں حساس صیہونی اہداف پر یمنی فوج کے کامیاب ڈرون حملے
شیعہ نیوز: یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام اور اس کے دلیر مجاہدین کی حمایت اور غزہ کے خلاف جاری نسل کشی پر مبنی صیہونی جنگی جرائم کے جواب میں یمنی ڈرون یونٹ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں واقع متعدد حساس صیہونی ٹھکانوں کے خلاف بیک وقت 2 موثر آپریشن انجام دیئے ہیں۔ بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے تاکید کی کہ 3 ڈرون طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے انجام پانے والے اس مزاحمتی آپریشن میں مقبوضہ فلسطینی علاقے نقب میں واقع ایک اہم اسرائیلی ہدف پر 2 ڈرون طیاروں کے ساتھ کامیاب حملہ کیا گیا جبکہ تیسرے ڈرون طیارے نے ام الرشاش (ایلات) کی بندرگاہ میں واقع ایک اہم اسرائیلی ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا جبکہ اللہ کے فضل سے اس آپریشن نے اپنے تمام مقاصد حاصل کر لئے ہیں۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قابض اسرائیلی رژیم، غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف اپنے مسلسل وحشیانہ جنگی جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے نہ صرف نہتی عورتوں اور معصوم بچوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کر رہی ہے اور عام شہری مکانات کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی پناہ گزینوں کی خیمہ بستیوں تک پر بھی وحشیانہ بمباری کر رہی ہے بلکہ وہ غزہ کی پٹی تک خوراک و ادویات کو پہنچنے سے بھی مسلسل روک رہی ہے! جنرل یحیی السریع نے تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف جاری نسل کشی پر مبنی اسرائیلی جنگی جرائم، پوری اسلامی قوم کو اپنی مذہبی، اخلاقی و تاریخی ذمہ داری کے سامنے لا کھڑا کرتے ہیں درحالیکہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی خاموشی و کمزوری کا اظہار نہ صرف قابض صیہونیوں کو اپنے توسیع پسندانہ عزائم کو عملی جامہ پہنانے میں مدد دے گی بلکہ انہیں، دوسرے ممالک کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے اور تقسیم در تقسیم کر دینے میں بھی ممد و معاون ثابت ہو گی!