زائرین کی بسوں پر حملے دو برادر ممالک کے مابین تعلقات متاثر کرنیکی سازش ہے، علامہ رمضان توقیر
شیعہ نیوز (اسٹاف رپورٹر) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کوئٹہ میں ایران سے آنے والی ڈیرہ اسماعیل خان و دیگر علاقوں کے زائرین کی بس پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار اور علامہ ساجد علی نقوی کے حکم پر خیبر پختونخوا میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ علامہ رمضان توقیر نے کہا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، خصوصاً بلوچستان میں ایران سے آنے والی زائرین کی بسوں پر حملے معمول بن چکا ہے۔ جو دو برادر ملکوں کے درمیان حالات خراب کرنے کی سازش اور زائرین کو ایران میں مقدس مقامات کی زیارت پر جانے سے روکنے کی ناکام کوشش ہے، جو کبھی پوری نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہزاروں جانیں تو قربان کرسکتے ہیں لیکن مقدس مقامات کی زیارت پر جانے سے نہیں رک سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ قرآنی تعلیمات کی مخالفت کرتے ہوئے ملک میں سزائے موت کے قانون کو ختم کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان بالخصوص حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد قاتلوں کو پکڑ کر فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اور ایران جانے والے زائرین کی بسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔