کراچی میں گزشتہ رات سے اب تک ہونیوالی ہلاکتوں میں سیاسی تنظیم ملوث ہے، رینجرز
شیعہ نیوز (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات اور ان میں ہلاکتوں پر ترجمان رینجرز نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات سے ہونیوالی ہلاکتوں میں ایک سیاسی تنظیم ملوث ہے، ٹارگٹ کلنگ کا مقصد شہر میں امن کی صورتحال خراب کرنا ہے۔ رینجرز حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعات میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ واضع رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے اب تک فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں نو افراد مارے جاچکے ہیں۔ گلشن اقبال میں مدرسہ کے دو طلباء کی ہلاکت کے بعد مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں قتل و غارت کا بازار پھر گرم ہو گیا ہے اور رات سے اب تک شہر میں مارے گئے افراد کی تعداد نو ہوگئی ہے۔ راشد منہاس روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو طلباء جاں بحق ہوئے، جس کے بعد مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاجی مظاہروں سے سڑکیں بلاک کر دی گئیں، یونیورسٹی کو جانے والے راستے بھی بند ہو گئے، لیکن پھر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار حرکت میں آئے، مشتعل مظاہرین کو منتشر کیا اور سڑکیں کھول دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق صرف یہی نہیں اس سے پہلے گذشتہ رات نامعلوم افراد نے مسکن چورنگی کے قریب جوس کی دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جوس کی دکان کے ملازمین کو ٹارگٹ کیا تاہم کچھ دیگر افراد بھی فائرنگ کے زد میں آ گئے۔ سہراب گوٹھ پر بھی ایک شخص فائرنگ سے مارا گیا، جبکہ گولیمار کے علاقے میں بھی فائرنگ سے ایک شخص مارا گیا اور بلدیہ ٹاوٴن سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔