مستونگ میں زائرین کی بس پر کالعدم شدت پسندوں کا حملہ ، متعدد زائرین شہید
شیعہ نیوز (کوئٹہ ) بلوچستان کے شہر مستونگ میں زائرین کی بس کے قریب دھماکے میں پندرہ سے زائد زائرین شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق زائرین کی تین بسوں کا قافلہ سیکیورٹی فورسز کی حفاظت میں درین گڑھ سے گزر رہا تھا کہ دھماکا ہوگیا، واقعے میں ایک بس میں آگ لگ گئی جبکہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دھماکے کا نشانہ بننے والی زائرین کی بسیں تفتان سے کوئٹہ آرہی تھیں، دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ڈی سی او مستونگ کے مطابق دھماکے سے تباہ ہونیوالی بس سے 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ متعدد زائرین زخمی بھی ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہے، مزید شہادتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ شہید ہونے والے تمام افراد کا تعلق ہزارہ برادری کوئٹہ سے ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ دور دراز علاقہ ہونے اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، بس میں لگی آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کا عملہ تاحال نہیں پہنچ سکا جبکہ زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ یکم جنوری کو کوئٹہ میں زائرین کی بس پر حملے کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جب کہ اس سے قبل بھی مستونگ کے علاقے میں کوئٹہ سے جانے والے اور ایران سے واپس آنے والے زائرین پر کئی حملے کئے جا چکے ہیں جس کی زیادہ تر ذمہ داری کالعدم شدت پسندتنظیم نے قبول کی ہے۔