سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کو پنجاب یونیورسٹی میں مذہبی لیکچر سے روک دیا گیا
شیعہ نیوز(لاہور) معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کو پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات میں دہشت گردی کی ترغیب دینے کیلئے درس دینے سے روک دیا گیا۔ ادارہ علوم ابلاغیات میں یونیورسٹی پر قابض طلباء تنظیم کی جانب سے مشتاق احمد کو پنجاب یونیورسٹی کے طلباء کو عسکری تربیت کی ترغیب دینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر طلباء کو دہشت گردی اور عسکری تربیت کی ترغیب دے رہے تھے کہ ادارہ علوم ابلاغیات کی انچار ج ڈائریکٹر میڈم نوشینہ سلیم نے انہیں لیکچر دینے سے روک دیا۔ اس موقع پر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ میں یہاں صرف طلباء کو درس اخلاق اور انہیں اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دینے آیا تھا۔
دوسری جانب اسلامی جمعیت طلباء پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے انتظامیہ کے اس رویے کو شرمناک عمل قرار دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نا صرف سابق ٹیسٹ کرکٹر بلکہ دینی تعلیمات کی بھی تذلیل کی گئی، انتظامیہ کو اپنے رویوں پر غور کرنا چاہیے۔ جمعیت کے ترجمان کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے درس اخلاق کی اجازت نہ دینا تعلیمی اداروں میں مغرب کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے مترادف ہے، پاکستان اسلام کے نام سے معرضِ وجود میں آیا تھا یہاں اسلامی تعلیمات کی اشاعت کی اجازت ہونی چاہیے۔