کراچی، پولیس اور ریجنرز کے چھاپوں اور مقابلوں میں 152 ملزمان گرفتار
شیعہ نیوز(کراچی) پولیس اور رینجرز نے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن، چھاپوں اور مقابلوں کے بعد گینگ وار کے ملزم اور بھتہ خور سمیت 152 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، گولیاں، موٹر سائیکلیں، بم بنانے کا کیمیکل، دستی بم اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں مہران ٹاؤن، پی آئی بی پرانی سبزی منڈی، غریب آباد، کھوکھراپار اور لانڈھی 89 مسلم آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر کے بم بنانے کا 15 کلو کیمیکل اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ گلشن ڈویژن پولیس کی بھاری نفری نے ایس پی گلشن تنویر تنیو کی سربراہی میں گلستان جوہر کے علاقے مدھو گوٹھ اور حسین ہزارہ گوٹھ سمیت ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 100 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ نے بتایا کہ حراست میں لئے جانے والوں میں سے 80 افراد کو پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا۔ تحقیقات کے دوران ان کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا جبکہ 20 مشتبہ افراد کو تاحال حراست میں لیا ہوا ہے اور ان کا کرمنل ریکارڈ چیک کرایا جا رہا ہے۔ سرچ آپریشن میں ریپڈ رسپانس فورس ( آر آر ایف) کے افسران و اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سابق ایس ایچ او گلستان جوہر سلیم کی جانب سے بھتہ وصول کرنے پر شروع ہونے والا تنازع خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا تھا، جس میں ڈی ایس پی گلشن اقبال قاسم غوری اور ایک اے ایس آئی لینڈ مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ اس خونی مقابلے کے بعد مدہو گوٹھ میں پولیس کی بھاری نفری نے محاصرہ کر کے تمام خارجی اور داخلی راستوں کو سیل کر دیا تھا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ سرچ آپریشن یونیورسٹی روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کی اطلاع پر کیا گیا تھا تاہم پولیس کو کوئی اہم کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 125 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گارڈن پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم ذوہیب کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے جو کہ چاکیواڑہ کا رہائشی ہے۔ شیر شاہ پولیس نے پنکھا ہوٹل کے قریب دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے کیلئے آنے والے بھتہ خور طارق کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اسلحہ اور بھتے کی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔