پاکستانی شیعہ خبریں

کوئٹہ پولیس پر تشدد، 100 وکلاء کیخلاف مقدمہ درج

شیعہ نیوز(کوئٹہ) کوئٹہ میں ضلع کچہری کے گیٹ پر پولیس اور وکلاء کے درمیان تلخ کلامی کے بعد وکلاء برادری نے بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ظہور احمد شاہوانی ایڈووکیٹ کی قیادت میں منان چوک پر مظاہرہ کیا۔ جہاں پر وکلاء اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ پولیس کی ہوائی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مشتعل وکلاء نے جھگڑے کے دوران 6 پولیس اہلکار اور ایک وکیل زخمی ہو گیا۔ جھگڑے کے دوران وکلاء نے پولیس کی 3 گاڑیوں کے شیشے توڑ کر انہیں شدید نقصان پہنچایا۔ زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گذشتہ روز ضلع کچہری میں قاسم اچکزئی ایڈووکیٹ کچہری کے آؤٹ گیٹ سے اندر داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں مذکورہ گیٹ سے اندر آنے سے منع کیا، جہاں پر ان کی تلخ کلامی ہوئی۔ جس کے بعد وکلاء برادری ظہور احمد شاہوانی ایڈووکیٹ کی قیادت میں منان چوک پر احتجاج کیا۔ جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی اور اس دوران وکلاء پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔

اسی جھگڑے کے دوران پولیس کے اہلکار سید رضا، عدنان خان، عبدالخالق، علی، نوید احمد، سعادت علی اور قاسم اچکزئی ایڈووکیٹ زخمی ہوگئے۔ وکلاء کا مطالبہ تھا کہ ڈیوٹی پر موجود وکلاء کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے۔ اسی دوران پولیس نے مشتعل وکلاء کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور مشتعل وکلاء نے ایس پی سٹی، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن اور ڈی ایس پی مددگار کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید مبین شاہ اور ایس ایس پی آپریشن محمد جعفر سمیت پولیس کے دیگر افسران اور عملہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بعد میں وکلاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ واقعے کی ایس ایچ او سٹی کی مدعیت میں پولیس اہلکاروں پر تشدد اور قانون ہاتھ میں لینے کی دفعات کے تحت 100 وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button