علامہ ساجد علی نقوی کی حضرت اویس قرنی کے مزار پر حملے کی مذمت
شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علما کونسل کے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی نے دمشق میں حضرت اویس قرنی کے مزار اقدسکے شہید ہونے اور ترکی میں کوئلے کی کان میں دھماکہ کے نتیجہ میں282 ہلاکتوں پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں حضرت اویس قرنی صحابی رسول ؐکے مزار اقدس پر حملہ اسلامی و انسانی قدروں کے خلاف ہے ،بظاہر تو مذہب کا نام استعمال کیا جا رہا ہے درحقیقت یہ ہوس اقتدار کی جنگ ہے ایسے واقعات سے مسلمانوں کی دل آزاری اور جذبات مجروح ہوتے ہیں ان واقعات کی روک تھام کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے،اس دہشت گردی کو روکنے کے لئے او آئی سی اپنا کردار ادا کرے ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مسلمان مخالف قوتیں مسلمان ممالک میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت حالات خراب کروارہی ہیں اور اسلامی ممالک کو ان واقعات کی روک تھام کے لئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا اورشدت پسند گروپوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ باہمی اتفاق واتحادکا مظاہرکرتے ہوئے شدت پسند گروپو ں کی جانب سے کی جانے والی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے ان کا قلع قمع کیا جائے ۔انہوں نے ترکی کے مغربی علاقے سوما میں کوئلے کی کان میں دھماکہ کے نتیجہ میں282 ہلاکتوں پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ جدید ترین سائنسی ترقی کے باجود اس خوفناک مسئلہ پر قابو نہیں پایا جاسکا ۔اس واقعات میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین سے اظہار افسوس اور صبر کی تلقین کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔