فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، علامہ سید ریاض شاہ
شیعہ نیوز (لاہور) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ مسلمان قرآنی ہدایات و تعلیمات کو مشعل راہ بنائیں۔ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے دلوں سے روحِ محمدﷺ نکالنا چاہتی ہیں۔ ملک میں محبت اور امن پسندی کے فروغ کی ضرورت ہے۔ مذہبی قوتوں کو استعمال کرنے کے لیے غیرملکی طاقتیں جال بچھا رہی ہیں۔ پاکستان میں انتشار اور فساد پھیلانے کے لیے خرید و فروخت کی جا رہی ہے۔ مسلم حکمران اسلام دشمنوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں۔ اسلام کو دیس نکالا دینے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ عالم کفر مسلمانوں کے جذبۂ محبتِ رسولﷺ سے خائف ہے۔ عشقِ رسولﷺ کے چراغ ہر دل میں روشن کرنا ہوں گے۔ اسلام سے عملی وابستگی کے ذریعے ہی اُمّتِ مسلمہ عروج حاصل کر سکتی ہے۔ دنیا بھر میں مسلمان ناانصافیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تقسیم کر کے کمزور کیا جا رہا ہے۔ فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ علماء قوم کو توڑنے کی بجائے جوڑنے کا فریضہ سرانجام دیں۔ دو قومی نظریہ کے خلاف بڑھتی سازشوں کا راستہ روکیں گے۔ استحکامِ وطن کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ حُبّ الوطنی کے جذبوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔