تکفیریوں کو بڑھاوا دینا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز(سیالکوٹ) ایس یو سی کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے سیالکوٹ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکفیری گروہ کے سربراہ اور دیگر قائدین کو طے شدہ منصوبے کے تحت مقدمات سے بری کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی پریس کانفرنسوں اور عدالتوں میں قتل عام کا سرعام اعتراف کرنے والے مذہبی جنونی دہشت گردوں کو طے شدہ معاملات کے تحت آزاد کرایا گیا ہے جبکہ مولانا غلام رضا نقوی جن کی تمام مقدمات سے ضمانت ہو چکی تھی، انہیں رہا کرنے کی بجائے ایک بےبنیاد اور جھوٹے مقدمے میں ملوث کر کے جیل میں رکھا گیا اور بعد میں ایک قتل کے مقدمے میں سزا دلوا کر امتیازی اور ناروا سلوک اپنایا گیا جس پر شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ میں آج پہلی مرتبہ آپ لوگوں کے سامنے کنفرم کر رہا ہوں کہ میں خود شاہد ہوں کہ جس مقدمے کی آڑ میں مولانا غلام رضا نقوی کو ضمانت پر رہا ہونے نہیں دیا گیا وہ بےبنیاد اور جھوٹا ہے۔ اسلامی تحریک پاکستان کے قائد نے کہا کہ میں بلا امتیاز قانون کے نفاذ اور آئین کی عمل داری کا مطالبہ کرتا ہوں، تکفیریوں کو ایک بار پھر بڑھاوا دیا جا رہا ہے، جو ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، ذمہ داران اس پیچیدہ صورتحال کا ازسرنو جائزہ لے کر اپنی پالیسیوں میں توازن پیدا کریں اور آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔