چیئرمین متحدہ علماء بورڈ طاہر اشرفی سے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی ملاقات
شیعہ نیوز:چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر محمود اشرفی سے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت علامہ عبدالخالق اسدی کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ علامہ سید حسن رضا ہمدانی اور علامہ امجد علی جعفری بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ سے بورڈ میں شیعہ ارکان کی تعداد باقی مسالک کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا اور ارکان کی موجودہ تعداد پر تحفظات کا اظہار کیا۔ چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر اشرفی نے ایم ڈبلیو ایم کے تحفظات فوری دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے سیکرٹری اوقاف پنجاب کو خط لکھ دیا، جس میں متحدہ علماء بورڈ سمیت دیگر سرکاری کمیٹیوں میں اہل تشیع کے تعداد ماضی کے مطابق کرنے کی درخواست کی۔
علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ کیساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ متحدہ علماء بورڈ سمیت دیگر اداروں میں ہمارے نمائندہ ارکان کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ملت جعفریہ کو ان کی نمائندگی کا پورا پورا حق دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری اوقاف کو خط بھجوا دیا ہے، جلد ہی نئے ممبران کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے ویژن کے مطابق تمام مکاتب فکر میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو وحدت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرکے ترقی کی منازل پر لے جایا جائے گا۔