غزہ میں صیہونی حکومت کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون کرنے والے متعدد افراد گرفتار
شیعہ نیوز: فلسطینی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے غزہ میں صیہونی حکومت کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون کرنے والے متعدد افراد کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔
قطر کے الجزیرہ نیٹ ورک نے اس اہلکار کے حوالے سے (جس نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا) بتایا کہ غزہ پٹی میں سیکورٹی فورسز نے ایسے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے جو موجودہ جنگ کے دوران صیہونی حکومت کے ساتھ رابطے میں تھے اور ان کا اس مجرمانہ حکومت کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون تھا، یہ جاسوس فی الحال زیر تفتیش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں نامہ نگاروں پر دہشت گردی کا الزام ان کی زندگی خطرے میں ڈال رہا ہے
الجزیرہ نے ان کے حوالے سے مزید کہا کہ قابض صیہونی افواج نے فلسطینی مزاحمت کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کے لیے غزہ کے شہریوں کو پھنسانے کی کوششیں بڑھا دی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ صیہونی اہلکاروں نے متعدد افراد سے رابطہ کر کے انہیں دھمکی دی کہ اگر وہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے تو ان کے گھروں پر بمباری کریں گے اور ان کے اہل خانہ کو قتل کر دیں گے۔
صیہونی انٹیلی جنس، امدادی تنظیموں کے ناموں کا غلط استعمال کر کے بھی معلومات اکٹھا کر رہی ہے اور قحط اور مشکل انسانی حالات کے سائے میں شہریوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے۔