پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

امام خمینیؒ کے فرمان پر 25 رمضان جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا، آئی ایس او کراچی

شیعہ نیوز: امام خمینیؒ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے 25 رمضان المبارک جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا، اس موقع پر ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، حکومت پاکستان یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، فلسطینی آج بھی اپنے حق کے لئے کھڑے ہوئے ہیں، فلسطینیوں نے کامیاب جدوجہدسے ثابت کردیا کہ مزاحمت میں عزت، وقار اور کامیابی ہے، فلسطین کی کامیابی عالم اسلام کی کامیابی ہے، فلسطینیوں کو مضبوط بنانے میں امام خمینیؒ، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہید سردار قاسم سلیمانی کا بنیادی کردار ہے، شہید قاسم سلیمانی کو فلسطینیوں نے شہید قدس قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر ظفر حیدر نے المصطفیٰ ہاؤس میں جاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر آئی ایس او کراچی نے کہا کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مسلمان قبلہ اول کو غاصب صیہونی ریاست سے آزاد دیکھیں گے، پاکستان میں دہشت گردی کے خطرات کے باعث انتظامیہ یوم القدس کی ریلیوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ انتظامیہ اس میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، موجودہ خطرات کے پیش نظر حکومتی انتظامیہ یوم القدس کی ریلی کے روٹ پر سیکورٹی سمیت دیگر اقدامات کا آغاز کرے، بصورت دیگر حکومت کی غفلت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ 1979ء سے قبل ختم ہوچکا تھا، عرب ممالک کی شکست در شکست کے بعد اسرائیل فلسطین پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوچکا تھا مگر انقلاب اسلامی ایران اور امام خمینی کی کوششوں سے یہ مسئلہ پھر سے اجاگر ہوا، امام خمینیؒ نے جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دی۔

ظفر حیدر نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین کی ہر طرح سے مدد کی اور فلسطین کے مسئلہ کو ایک عالمی تحریک بنایا، امام خمینیؒ جانتے تھے کہ اسرائیل کو محض فلسطین تک محدود رہنے کیلئے مسلط نہیں کیا گیا ہے بلکہ اسرائیل عالم اسلام پر قبضہ چاہتا ہے، اسی لئے امام خمینیؒ نے شروع سے اسرائیل کے خلاف جدوجہد شروع کی اور آج دنیا میں بسنے والا ہر مظلوم فلسطین کی آزادی کیلئے سینہ سپر ہے، قدس امت مسلمہ کا قلب ہے اور اسرائیل اس پر خنجر کی مانند ہے، دنیا بھر کے مسلمانوں پر واجب ہے کہ قبلہ اول کے تقدس و تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ دیگر شرکاء نے کہا کہ مسلمان حکمران اگر غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے قبلہ اول پر چڑھائی کرنے والوں سے جرات مندانہ انداز اختیار کرتے تو آج فلسطین کا نقشہ مختلف ہوتا، اپنی بقا کے لیے فلسطین کے مسلمانوں نے ایک طویل اور صبر آزما جنگ لڑی ہے۔

شرکاء نے کہا کہ جن مسلمان حکمرانوں نے اپنے اسلامی نظریات پر اسرائیل و امریکہ کی تابعداری کو مقدم رکھا ہے تاریخ ان کی اس سیاہ کاری کو کبھی معاف نہیں کرے گی، دنیا بھر کے باشعور و با ضمیر افراد یوم القدس کے موقع پر مظلوم کی حمایت اور ظالمین سے اپنی نفرت کا برملا اظہار کرتے ہیں۔ اجلاس میں موجود شرکاء نے ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی اور پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اسرائیل کے سنگین خطرے سے بروقت متنبہ کیا تھا اور آج پوری دنیا اسرائیل کی دہشتگردانہ سوچ کا نشانہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ہونے والے ظلم و ستم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، عالمی برادری دوہرا معیار ترک کرے اور مسئلہ فلسطین کوفلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں مثبت کردار ادا کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button