امام مہدی ع کی شان میں توہین کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے، آغا رضا
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سابق صوبائی وزیر سید آغا رضا نے ایک قوم پرست جماعت کے رہنما کی جانب سے حضرت امام مہدی کی شان میں توہین کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ شخص کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے قرار واقعی سزادی جائے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہی۔اس موقع پر سید ہاشم موسوی نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جماعت طویل عرصے سے قوم پرستی کا لبادہ اوڑھ کر جھوٹ کے ذریعے معصوم ذہنوں کو گمراہ کر رہی ہے، کوئلہ کانوں میں دس شیعہ ہزارہ کارکنوں کی حالیہ شہادت نے جہاں ان کو بے نقاب کیا وہیں ان کے ایجنڈے کو بھی بے نقاب کرکے رکھ دیا ، یہ جماعت جو قوم پرستی کی دعویدار ہے ہمارے شہیدوں کو اپنانے سے انکار کرتی رہی ، شہدا کے لواحقین اور وارثین کا ساتھ دینے کی بجائے اپنی کرسی بچانے کی فکر میں لگی رہی ، شہدا کی لاشوں کی توہین کرنے کے بعد شہدا کی یاد میں ایک ٹوکن محفل کا انعقاد کیا۔ جس میں شہدا کے لواحقین شریک نہ تھے لیکن اسی پلیٹ فارم سے توہین مذہب کی گئی مذکورہ جماعت کے ایک عہدیدار نے حضرت امام مہدی کی شان میں توہین کی مگر کسی مقرر ، پارٹی عہدیدار یا جلسے کے منتظمین نے توہین آمیز خیالات سے انکار یا مذمت نہیں کی حالانکہ ان کا دعویٰ ہے کہ انکے اسٹیج سے ہر
بات نپے تلے انداز میں کی جاتی ہے، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ اور اہلبیت کی شان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت اور ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ گستاخوں کو قرار واقعی سزادی جائے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ جماعت کے لوگ بے سروپا باتیں کرتے ہیں، شہدا کے لواحقین کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کے حوالے سے میرے خلاف یہ پرویپگنڈہ کیا گیا کہ میں نے لواحقین کے مطالبات میں اپنی جانب سے یہ اضافی مطالبہ شامل کرایا کہ میں اپنے خلاف نیب کے کیسز ختم کرانا چاہتا ہوں جبکہ ایسا کوئی کیس ہی نہیں جبکہ ان کی جانب سے گلگت بلتستان سے سینٹ کی نشست کی بھی افواہ اڑائی گئی جبکہ انہیں یہ بھی علم نہیں کہ گلگت بلتستان سے سینٹ کی کوئی نشست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دراصل صوبائی حکومت میں شامل مذکورہ جماعت شہدا کے بچوں کیلئے بنائی جانے والی عمارت پر قبضہ کرکے موسیقی کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے، مذکورہ عمارت شہدا کے بچوں کیلئے ریذیڈنشل اسکول کیلئے بنائی گئی ہے اور اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کسی اور مقصد کیلئے استعمال کرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ جماعت بتائے کہ بجٹ میں جاری ہونے والی رقم کہاں استعمال کی ۔انہوں نے کہا کہ شہید ہزارہ کارکنوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی بجائے بے بنیاد الزامات لگانے والے قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔