
افغان رہنما اور طالبان ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائیں، زلمے خلیل ذاد
شیعہ نیوز : امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمےخلیل زاد نے افغان امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان کو تشدد میں کمی کیلئے ترغیب دی ہے۔
امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمےخلیل زاد نے کہا کہ افغان رہنما اور طالبان ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائیں اور موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پرامن حل پر رضامند ہو جائیں۔
انہوں نے پاکستان کے کردار کے حوالے سے کہا کہ افغان امن کیلئے دو سال سے جاری امریکی کوششوں میں پاکستان مددگار ثابت ہوا ہے، افغان 42 سال میں پہلی بار ایک میز پر بیٹھے ہیں، یہ امید اور موقع کا لمحہ ہے، تاہم اس لمحے کے اپنے چیلنجز بھی ہیں۔
زلمےخلیل زاد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے طالبان کو افغان حکومت کیساتھ مذاکرات اور تشدد میں کمی کیلئے ترغیب دی اور افغان رہنماؤں کیساتھ بات چیت کے سلسلے میں بھی مددگار ثابت ہوا ہے۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کو ملکی امن کیلئے ضروری سمجھتا ہے، جبکہ امریکہ پاکستان افغانستان کو دہشت گرد، انتہا پسند گروپوں کے لئے اپنی زمین استعمال نہ کرنے دینے کا معاہدہ کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، امید ہے کہ اس کے حوصلہ افزاء نتائج ملیں گے۔