دنیا

افغانستان سے جلد بازی میں انخلا کی بھاری قیمت چکانی پڑ سکتی ہے، نیٹو

شیعہ نیوز : افغانستان سے انخلا کے متعلق نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی اور اتحادی فوجیوں کے جلد بازی میں انخلا کی بھاری قیمت چکانی پڑ سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق مغربی ممالک کے عسکری اتحاد نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹالنبرگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں ایک مشکل فیصلہ درپیش ہے۔ ہم گزشتہ 20 سال سے افغانستان میں ہیں اور اب نیٹو کا اہم اتحادی مزید یہاں نہیں رہنا چاہتا لیکن دوسری جانب باہمی رابطے کے بغیر جلد بازی میں یہاں سے فوج کے انخلا کی ہمیں بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ابھی بھی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں ہمارے ممالک کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ داعش شام اور عراق میں پس پائی کے بعد افغانستان میں تسلط قائم کرسکتی ہے۔

افغانستان میں نیٹو کے درجنوں رکن ممالک کے 12 ہزار سے کم فوجی موجود ہیں جو مقامی سیکیورٹی فورسز کو تربیت میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

ان فوجیوں میں سے تقریباً نصف امریکی ہیں اور 30 ممالک کا یہ اتحاد ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور دیگر معاملات کے لیے امریکی فوج پر بہت انحصار کرتا ہے۔ جینز اسٹولٹنبرگ نے کہا کہ یہ خطرہ اب بھی موجود ہے کہ افغان سرزمین پر بین الاقوامی دہشت گرد ہمارے ممالک پر حملوں کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے پر نیٹو کے سیکریٹری جنرل کی تنبیہ کی صورت میں تنقید غیر معمولی ہے، جینز اسٹولٹنبرگ اب تک ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحاد سے متعلق فیصلوں کے حوالے سے محتاط رہے ہیں۔

رواں ماہ صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن سے شکست کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے سیکریٹری دفاع مارک ایسپر کو برطرف کردیا تھا اور ان کی جگہ کرسٹوفر مِلر اس عہدے پر فائز ہوئے تھے جنہوں نے چند روز قبل تنازعات والے ممالک میں تعینات امریکی فوجیوں کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ اب گھر آنے کا وقت آگیا ہے۔ منصوبے کے تحت 15 جنوری تک افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد تقریباً نصف کم ہو کر ڈھائی ہزار رہ جائے گی۔

واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا رواں سال فروری میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے طالبان کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کا حصہ ہے، جس کے بدلے طالبان نے امریکی سلامتی مفادات کی ضمانت دی ہے۔ تاہم معاہدے کے بعد سے طالبان نے افغان فورسز پر متعدد حملے کیے ہیں، جنہیں نیٹو فورسز کی تربیت دی ہے۔

طالبان کا کہنا ہے کہ کابل حکومت، قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے معاہدے کا حصہ نہیں ہے۔ دونوں فریقین کے درمیان پائیدار امن معاہدے کے لیے ستمبر سے دوحا میں مذاکرات جاری ہیں لیکن ملک میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے ملک میں مستقبل میں امن کے حوالے سے سوالات جنم لے رہے ہیں۔

Tags
Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close