طوفان الاقصی ان شاء اللہ فلسطین کی مکمل آزادی تک جاری رہیگا, حماس رہنماء
شیعہ نیوز: فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما سہیل الہندی نے فلسطینی مزاحمتی آپریشن طوفان الاقصی کے مستقبل کے بارے تاکید کی ہے کہ طوفان الاقصی، ان شاء اللہ، فلسطین کی مکمل آزادی تک جاری و ساری اور اپنے مشن کو آگے بڑھاتا رہے گا اور ہم اپنی تمام طاقت و قوت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ناجائز (صیہونی) قبضے کے خلاف ڈٹے رہیں گے۔ سہیل الہندی نے کہا کہ جب تک ہماری سرزمین پر قبضہ جاری ہے؛ فلسطینی، مسلمان، عرب اور دنیا بھر کے آزاد لوگوں کی حیثیت سے، اس ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت ہمارا فطری حق ہے! حماس کے سینئر رہنما نے تاکید کی کہ آسمانی و زمینی قوانین نے ہم پر واجب کر رکھا ہے کہ جب تک ہماری سرزمین پر قبضہ جاری ہے، ہمیں اپنے پاس موجود ہر طاقت کے ذریعے قابضین کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیئے!
سہیل الہندی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بارہا اعلان کیا ہے اور ہم ایک بار پھر اعلان کرتے ہیں کہ ہم اپنے ہتھیار کبھی نہ رکھیں گے مگر یہ کہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین سے آخری صہیونی فوجی بھی باہر نکل جائے، بنابرایں مزاحمت اس وقت تک جاری رہے گی کہ جب تک قابضین موجود اور فلسطینی عوام مشکلات کا شکار ہیں! حماس کے مرکزی رہنما نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج مسجد الاقصی خطرے میں ہے، آج فلسطینی قوم خطرے میں ہے اور غاصب صیہونی رژیم تمام فلسطینیوں کو قتل کر دینے پر تلی ہوئی ہے اور جو کچھ آج غزہ میں ہو رہا ہے، اس کے نتیجے میں فلسطینی عوام میں سے تقریبا 35 ہزار سے زائد بے گناہ لوگوں کی شہادت ہو چکی ہے!
انہوں نے اسپتالوں میں پناہ لینے والے بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اسپتالوں سمیت تمام عوامی مقامات پر کہ جن کی جانب اب اس نے رخ کر لیا ہے، عام لوگوں کے قتل عام کے ذریعے اپنے لئے ایک "خیالی فتح” پیدا کرنے کی کوشش میں ہے اور فریب کی اس راہ میں وہ ہر چند وقت میں حماس سمیت دیگر مزاحمتی گروہوں کے سینئر کمانڈروں میں سے کسی ایک کی گرفتاری یا شہادت کی جھوٹی خبریں بھی شائع کرتی رہتی ہے، تاہم اس میدان میں بھی اسے غزہ کے عوام کے بلند حوصلے کی ایک بہت مضبوط دیوار کا سامنا ہے کہ جس کے باعث اسے ایک مرتبہ پھر شکست ہونے والی ہے!
اپنی گفتگو کے آخر میں سہیل الہندی کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی رژیم غزہ کے عوام کو نفسیاتی دباؤ کے ذریعے کچل دینا چاہتی ہے کیونکہ اسے فوجی میدان میں بھاری شکست کا سامنا ہے لیکن غاصب صیہونی رژیم کو معلوم ہونا چاہیئے کہ غزہ میں اگر کوئی ایک کمانڈر بھی شہید ہو جائے تو اس کے بعد فورا بعد ہی ہزاروں و سینکڑوں دوسرے کمانڈر وجود میں آ جاتے ہیں۔