اے این پی کا تمام سیاسی جماعتوں سے اینٹی اسٹیبلشمنٹ الائنس تشکیل دینے کا مطالبہ
شیعہ نیوز: اے این پی نے نون لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اینٹی اسٹیبلشمنٹ الائنس تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔ مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاعی ادارے اتنے طاقت ور ہیں جو 15 دنوں کے اندر دہشت گردی کا ناسور ختم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون سمیت تمام سیاسی جماعتیں انتخابات چوری کے خلاف اینٹی اسٹیبلشمنٹ گرینڈ الائنس تشکیل دیں، اے این پی صف اول میں کھڑی ہوگی۔ چارسدہ میں شہدائے بابڑہ کی یادگار پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 اگست 1948ء کو 650 پختونوں نے جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا، آئین کی پاسداری اور جمہوریت کے لیے اے این پی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات چوری کرنا مسلم لیگ (ن) کے بس کی بات نہیں بلکہ اداروں نے چرائے ہیں، اس لیے گرینڈ الائنس بننا چاہیے اور اے این پی اس میں صف اول کا کردار ادا کرے گی۔ ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے بجائے گرینڈ اپوزیشن الائنس کو قیدی 804 کی رہائی کی فکر ہے۔ حسینہ واجد میں فرعونیت آگئی تھی کیوں کہ وہ طویل عرصہ اقتدار میں رہی ۔ اس نے طاقت کے نشے میں طلبہ پر گولیاں برسائیں، جس کے بعد اس کے خلاف تحریک شروع ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں منظم طریقے سے ایک بار پھر دہشت گردی کی جا رہی ہے۔