علماء و ذاکرین کانفرنس میں متنازعہ فوجداری ترمیمی بل کو مسترد کر دیں گے، علامہ افضل حیدری
شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کہا ہے کہ بزرگ علماء علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، علامہ ساجد علی نقوی اور شیخ محسن علی نجفی کی اپیل پر 16 اگست کو اسلام آباد میں ملک گیر، علماء و ذاکرین کانفرنس میں متنازعہ فوجداری ترمیمی بل کو مسترد کرکے ارباب اقتدار کو پیغام دیںگے کہ قرآن و سنت کیخلاف کسی قانون سازی کو تسلیم نہیں کرتے۔کانفرنس کے انتظامی امور کے جائزے اور رابطوں کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ متنازعہ بل قرآن و سنت کیخلاف ہے۔ یہ بل نہ صرف اہل تشیع اور اہلسنت کی شہری مذہبی آزادیوں، آئین اور بنیادی انسانی حقوق کیخلاف ہے۔ ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔کوئی قانون سازی ملت جعفریہ کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اہلبیت عظام، صحابہ کرام اور ازواج مطہرات کے نام پر کسی دنگا فساد اور ہندتواہ کے دہشت گردانہ نظریے کو پاکستان میں پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔ ہم اس ملک کے پرامن شہری ہیں اور پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے والے کسی بھی سنگین اقدام کو روکنے کی قوت رکھتے ہیں۔ اہل تشیع نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کے لیے اپنے حقوق حاصل کیے ہیں ۔ہم کسی سے دبنے والے نہیں ہیں۔ سر کٹا سکتے ہیں، سر جھکا نہیں سکتے۔ ہم اپنے مذہبی حقوق، شہری آزادیوں، اہلبیت عظام سے محبت پر کوئی سمجھوتہ کر سکتے ہیں، اور نہ ہی اہلبیتؑ کے دشمنوں کو مقدس مان سکتے ہیں۔ کربلا کے پیروکار یزیدیت کو اپنے پاوں کی ٹھوکروں سے دبا چکے ہیں، اسے اب سراٹھانے نہیں دیں گے۔