
دہشتگردی کی نئی لہرپر تشویش، اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے دہشتگردی کی نئی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں ریاستی اداروں کو چوکنا رہ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، غیر ملکی ایجنٹ امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، علیحدگی پسند دہشتگرد گروہ کی طرف سے انارکلی بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے سے پتہ چل گیا کہ کون سا ملک ملوث ہے، تا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کیا جائے، لیکن ان شاءاللہ سی پیک سمیت ملکی ترقی کے تمام منصوبے جاری رہیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں فوری خبر، کراچی میں شیعہ مساجد و امام بارگاہوں پر حملے کا الرٹ جاری کردیا
جامعتہ المنتظر میں علماء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں کی فائرنگ اور حملہ آوروں کی ہلاکت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملتان میں شیعہ نوجوانوں کی شہادت سے ثابت ہو گیا کہ دہشت گرد ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں۔ ان حالات میں ملکی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کیساتھ اندرونی سلامتی اور اتحاد بھی ضروری ہے، لیکن دہشتگرد خارجی گروہ ایک عرصے سے فرقہ واریت پھیلانے میں سرگرم ہو چکا ہے، تکفیری دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں، مگر انہیں گرفتار کیا گیا اور نہ ہی کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔
انہوں نے انارکلی بم دھماکے، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملتان میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور سوگوار خاندان کی صبر جمیل کی دعا بھی کی۔