پاکستان کے حکمران امام علی ؑ کے طرز حکومت کو اپنا اسوہ قرار دیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی نے کراچی پریس کلب میں دیگرشیعہ رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیہا کہ یوم شہادت امیر المومنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام سندھ بھر میں مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یوم شہادت امام علی ؑ کے موقع پر مجالس او ر عزاداری کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے یوم علی ؑ کے موقع پر سندھ بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ امام علی علیہ السلام کو شدت عدل کی وجہ سے شہید کر دیا گیا، امام علی ؑ نے عدالت کے قیام کے لئے اپنی جان قربان کی اور اسی طرح کربلا میں بھی عدالت کے قیام کے لئے امام حسین ؑ نے بے مثل قربانی دیکر اسلام اور عدالت کو تحفظ فراہم کیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے حکمران امام علی ؑ کے طرز حکومت کو اپنا اسوہ قرار دیں۔ ہم پاکستان میں عدل و انصاف اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن یہ اسی صورت قائم ہو سکتی ہے جب حکمران امام علی ؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوں اور نظام حکومت میں امام علی ؑ کے طرز حکمرانی کو سیرت قرار دیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ ستائیس رمضان کو جمعۃ الوداع یوم القدس منایا جائے گا۔ امام خمینی کے فرمان کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے سندھ بھر میں یوم القدس کے احتجاجی مظاہرے ہوں گے جبکہ کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر کیا جائے گاجس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور سیاسی شخصیات شریک ہوں گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں امام علیؑ کے سراقدس پر ہونے والا وار عدل و انصاف پر وار تھا
انہوں نے شیعہ لاپتہ افراد کے معاملہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ لا پتہ افراد کو بازیاب کریں اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے داخلی و خارجی معاملات میں امریکی مداخلت اور سابق وزیراعظم کو لکھے گئے خط پر چہ مگوئیوں کا خاتمہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب ایک غیر جانبدار عدالتی کمیشن حقائق کو کھول کر عوام کے سامنے رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار ریاست میں کسی بھی ملک کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔ ارض پاک کے معاملات میں امریکہ کی دخل اندازی کا مکمل خاتمہ ہونا چاہئے۔امریکی ڈکٹیشن کی تابعداری ملک و قوم کے وقار کے منافی اور غیرت و حمیت کے تقاضوں کے برعکس ہے۔”امریکہ کا جو یار ہے وہ غدار ہے غدار ہے ” ہمارے اس نعرے کی گونج اب ایوانوں میں بھی سنی جا رہی ہے۔امریکہ کے خلاف ہم اپنے پہلے دن کے موقف پر آج بھی اٹل ہیں اور مستقبل میں بھی اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مرزا یوسف حسین، رہنما علی حسین نقوی،علامہ صادق جعفری،مولانا رضا جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا علی انور،مولانا ملک غلام عباس، میر تقی ظفر، شہزاد علی رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔