
مقتدر ادارے سمجھ لیں،عوامی غم و غصہ کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف عالم دین و خطیب علامہ سید حسن ظفر نقوی کا العارف ہاؤس سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ پاکستان کے مظلوم عوام کے ساتھ بھیانک کھیل کھیلا جا رہا ہے، مہنگائی مکاؤ مارچ کرنے والوں نے عوام سے بڑے بڑے دعوے کئے تھے کہ ان کی پوری تیاری ہے ان کے پاس ماہرین معاشیات کی ٹیمیں ہیں وہ آتے ہی عوام کو مہنگائی سے نجات دلا دیں گے لیکن وہ تو ایک قہر بن کر ٹوٹ پڑے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ موجودہ حکمران ٹولہ صرف اور صرف اپنے تمام مقدمات ختم کرانے میں مصروف ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں چولستان میں عوام پانی کی بوند کو ترس رہے ہیں، وزیراعظم کرسی بچانے میں مصروف ہیں
ان کا مزید کہنا تھا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ وفاق اور صوبوں میں ڈھونڈنے سے شاید کوئی وزیر مل جائے جس پر کرپشن کے کیس نہ ہوں، دنیا میں کسی جگہ ایسی مثال نہیں ملے گی کہ کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے لوگ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے عہدوں پر بیٹھے ہوں، اگر آج لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں تو مقتدر اداروں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے ورنہ اس عوامی غم و غصہ کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں۔