کرپٹ حکمرانوں کا واحد ہدف اقتدار کو بچانا ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف عالم دین و خطیب علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ آبادی والے شہر میں انتظامات کا یہ عالم ہے کہ ذرا سی بارش نے سارے شہر کو فریادی بنا دیا ہے، شہر کے نالوں کی صفائی کا شور مچایا جاتا رہا مگر آج تک تمام نالے صاف نہ ہو سکے، شہر میں پھیلا ہوا کوڑا بارش کے بعد بیماریوں کا سبب بن رہا ہے، ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات اور جلسوں تک ہی محدود دکھائی دے رہے ہیں۔
العارف ہاؤس سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کا کوئی پرسان حال ہیں، صحت توانائی اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کے تمام شعبے عوام کو سہولیات کی بجائے مشکلات سے دوچار کرنے میں مگن ہیں، ملک کے بیشتر حصوں میں گیس کی عدم فراہمی، طبی سہولتوں کے فقدان اور تعلیمی اداروں کی حالت زار نے عام عادمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں لاہور سےلاپتہ ہونیوالے شیعہ صحافی زاہد عباس کو عدالت نے رہا کردیا
علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا کہ حکومت کا اولین فرض ہے کہ عام آدمی کے معمولات زندگی کو بہتر بنائے، جہاں عوام بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے لگیں اور مائیں بچوں کو زہر دے کر خود بھی ابدی نیند سو جائیں، وہاں ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہے، کرپٹ حکمرانوں کا واحد ہدف اقتدار کو بچانا ہے، انہیں ملک کی عوام سے کوئی غرض نہیں، ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات تک محدود ہیں، حکومت کو اگر ذاتی کاموں سے فرصت ملے تو قومی امور پر بھی توجہ دے، اسکولوں اور ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے، پڑھے لکھے بے روزگار افراد کو باوقار روزگار فراہم کرنا بھی ریاست کی ہی ذمہ داری ہے۔